منگلورو19؍نومبر(ایس او نیوز)تملناڈو میں تباہی مچانے کے بعد طوفان ’گجا‘ نے ساحلی کرناٹک پر دستک دی ہے۔ضلع جنوبی کینرا اور اڈپی کے کئی مقامات پر اتوار کی شام سے بھاری برسات ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ شمالی کینرا ضلع کے منڈگوڈ میں بجلی گرنے سے ایک خاتون لکشموّا ہیملپّا لمانی(60سال) ہلاک ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ خاتون اپنے کھیت میں جب کام کررہی تھی تو آسمانی بجلی کی زد میں آگئی۔اس کے علاوہ گورمّا لمانی نامی ایک اور خاتون بجلی سے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔
بنگلورو سٹی کے علاوہ سداپور، بیلگاوی اور ضلع شمالی کینرا کے مختلف مقامات پر بھی بارش ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔
بھٹکل شہر میں کل رات سے آسمان پربجلیاں کڑکتی رہیں اور کمٹہ ہوناور مین لائن میں خرابی پید اہوجانے کی وجہ سے عوام کوتقریباً پوری رات بغیر لائٹ کے گزارنی پڑی۔ آج صبح ۹ بجے کے بعد بجلی کا سلسلہ بحال ہوگیا ہے، جبکہ شہر کا موسم پوری طرح ابر آلود ہے اور بارش ہونے کے آثار نظر آرہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ضلع شمالی کینرا اور بیلاری ضلع کے بہت سارے مقامات پر بھی کچھ ایسا ہی موسم ہے اور ہلکی ہلکی بونداباندی بھی ہورہی ہے ، جس کی وجہ سے کٹائی کے تیار کھڑی چاول کی فصل کو بھاری نقصان پہنچنے کا اندیشہ جتایا جارہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ساحلی علاقوں کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات پر بھی آئندہ دو دنوں تک بادلوں کی گرج اور بجلیوں کی کڑک کے ساتھ بھاری برسات ہوسکتی ہے۔